بھوبنیشور/کراچی(نمائندہ خصوصی/سیدو زیر علی قادری )ایف آئی ایچ کے زیر اہتمام12واں جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کل سے بھارت کے شہر بھوبنیشور میں شروع ہو گا۔ ٹورنامنٹ میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گی جنہیں 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں بیلجیئم، چلی، ملائیشیا اور جنوبی افریقا گروپ بی میں کینیڈا، فرانس، بھارت اور پولینڈ گروپ سی میں جنوبی کوریا، ہالینڈ، ا سپین اور امریکا جبکہ گروپ ڈی میں پاکستان، ارجنٹائن، مصر اور جرمنی شامل ہے۔ ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز 5 میچ کھیلے جائیں گے۔ گروپ اے میں پہلا میچ بیلجیئم اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا جائے گا، اسی گروپ کے دوسرے میچ میں ملائیشیا اور چلی کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ گروپ بی میں پہلا میچ کینیڈا اور پولینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے میچ میں میزبان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ گروپ ڈی میں پاکستانی ٹیم جرمنی سے نبرد آزما ہو گی۔ ہر ٹیم3 گروپ میچ کھیلے گی اور ٹاپ8 ٹیمیں کوارٹر فائنل مرحلے کے لئے کوالیفائی کریں گی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 5 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔جونیئر ہاکی ورلڈکپ میں پاکستان اپنا پہلا میچ کل جرمنی کے خلاف کھیلے گا۔ پاکستانی ٹیم گروپ ڈی میں ارجنٹائن، مصر اور جرمنی کے ساتھ شامل ہے۔ قومی جونیئر ٹیم اپنی مہم کا آغاز کل جرمنی کے خلاف میچ سے کرے گی۔ پاکستانی ٹیم اپنے پہلے پریکٹس میچ میں چلی کو 3-0سے شکست دے چکی ہے۔ پاکستان اپنا دوسرا گروپ میچ 27 نومبر کو مصر جبکہ تیسرا اور آخری گروپ میچ 28 نومبر کو ارجنٹائن کے خلاف کھیلے گا۔