آباد بلڈرز کا ملتان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا اعلان

111

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی ملتان کے وفد کا بریگیڈیئر شعیب کیانی کی قیادت میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے مرکزی دفتر آباد ہائوس کراچی کا دورہ، آباد کے ارکان بلڈرز کو ڈی ایچ اے ملتان میں پلاٹوں کی آن لائن منتقلی، موخر ادائیگیوں پر پلاٹوں کی خریداری سمیت دیگر پرکشش مراعات کی پیشکش کی، مطلوبہ سہولتیں ملنے پر آباد نے ڈی ایچ اے ملتان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا اعلان کردیا۔ ڈی ایچ اے ملتان کے وفد میںکرنل آصف مسعود، کرنل سعد ظفر اور کرنل نوید بھی شامل تھے۔ اس موقع پر آباد کے سینئر وائس چیئرمین محمد حنیف میمن، وائس چیئرمین الطاف ستار کانٹا والا، آباد سدرن ریجن کے چیئرمین سفیان آڈھیا، سابق چیئرمینز عارف جیوا، جنید اشرف تالو اور فیاض الیاس سمیت آباد ممبرز بلڈرز اور ڈیولپرز کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ اس موقع پر ڈی ایچ اے ملتان کی جانب سے بریگیڈیئر شعیب کیانی نے کہا کہ 9500 ایکڑ پر محیط ڈی ایچ اے ملتان کے پروجیکٹ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، اسلام آباد اور کراچی کے وسط میں ہونے سے اس پروجیکٹ کو اہم حیثیت حاصل ہے۔ ڈی ایچ اے ملتان میں بلڈرز کو پلاٹوں کی منتقلی کیلیے آن لائن سروس فراہم کی جارہی ہے، ڈی ایچ اے ملتان آباد ممبران کے ساتھ جوائنٹ وینچرز کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ڈی ایچ اے ملتان کراچی کے بلڈرز کو مناسب بجٹ میں محفوظ ماحول، منافع بخش مواقع فراہم کرے گا۔ بریگیڈیئر شعیب کیانی نے بتایا کہ کراچی میں ہونے والی ڈی ایچ اے ملتان ایکسپو 2021ء کا افتتاح بھی ہم نے ملک کی معروف کاروباری و سماجی شخصیت اور اے کے ڈی گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین عقیل کریم ڈھیڈی سے کرایا ہے۔ بریگیڈیئر شعیب کیانی نے آباد کے عہدیداران کو ڈی ایچ اے ملتان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمد حنیف میمن نے کہا کہ کراچی میں تعمیراتی شعبے کو سازش کے تحت تباہ کیا جا رہا ہے، کراچی کے بلڈرز اور ڈیولپرز کو بے انتہا مشکلات کا سامنا ہے، کراچی میں تعمیراتی پروجیکٹس کی این او سیز حاصل کرنے کے بعد پروجیکٹس کی تکمیل تک بلڈرز کو بہت ساری رکائوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، یہاں تک کہ پروجیکٹس مکمل ہونے اور الاٹیوں کو منتقل ہونے کے بعد بھی عمارتوں کی مسماری کی تلوار بلڈرز کے سروں پر لٹکتی رہتی ہے۔ حنیف میمن نے کہا کہ اگر ملتان ہائوسنگ اتھارٹی کی انتظامیہ بروقت یوٹیلیٹی سہولت سمیت دیگر مطلوبہ سہولتیں فراہم کرے تو کراچی کے بلڈرز ڈی ایچ اے ملتان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کیلیے تیار ہیں۔ اس موقع پر آباد کے سابق چیئرمینز عارف جیوا، جنید اشرف تالو اور فیاض الیاس نے بھی ڈی ایچ اے ملتان میں سرمایہ کاری سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔