اسلام آباد (آن لائن) وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے الیکٹرونک ووٹنگ مشین سے متعلق کہا ہے کہ اب نکاح ہو چکا ہے، ہم نے دلہن الیکشن کمیشن کے حوالے کر دی ہے، بلاول سمیت اپوزیشن کے لیے ای وی ایم سیاسی موت ہے، اپوزیشن اس مشین کا بٹن دبانے کو بھی گناہ سمجھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔ شبلی فراز نے کہا کہ ای وی ایم مستند قسم کا کیلکولیٹر ہے، اس میں انٹرنیٹ، وائی فائی اور نہ ہی بلیوٹوتھ کی ضرورت ہے، اپوزیشن والے ای وی ایم کے قریب تک نہیں گئے، الیکٹرونک ووٹنگ مشین الیکشن قوانین کے مطابق بنائی ہے،2017ء سے2021ء تک الیکشن کمیشن نے صرف ایک تجربہ کیا، کس مشین کو رکھنا اس کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے کرنا ہے، الیکشن کمیشن مزید بہتری لانا چاہتاہے تو وہ کر سکتا ہے، روزانہ2 ہزار مشینیں یہاں تیار ہوسکتی ہیں۔ شبلی فراز نے کہا کہ اسمبلی سے قانون پاس ہونے کے بعد اب الیکشن کمیشن کو اس پر کام کرنا ہوگا، ہم نئے دور کا راستہ نہیں روک سکتے، الیکٹرونک ووٹنگ مشین پر ووٹ ڈالنا انتہائی آسان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیٹس کو کا حامی طبقہ تبدیلی کے خلاف مزاحمت کرتا ہے۔