اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا مبینہ آڈیو کلپ سامنے آنے پر نواز شریف اور مریم نواز کی سزائیں ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔
اسلام آباد میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی مبینہ آدیو لیک پر کہا کہ کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ وہ آواز سابق چیف جسٹس کی نہیں، آڈیو میں ملک کا اس وقت کا چیف جسٹس کہہ رہا کہ انہیں حکم ہے کہ نواز شریف، مریم نواز کو سزا دینی ہے، سابق چیف جسٹس نے حکم کس کو دیا کچھ معلوم نہیں، آپ فرانزک کروائیں لیکن ہمیں انصاف چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے حلف نامہ یا آڈیوبنائی ہے تو بالکل سزا دیں، اگر حلف نامے میں کی گئی بات درست ہے تو ثاقب نثار کو سزا دیں، اگر غلط ہے تو رانا شمیم کو سزا دیں۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور مریم نواز کو سازش کے تحت سزادی گئی، اب انصاف کے لیے کس کے پاس جاؤں گا؟ ثاقب نثار نے نوازشریف، مریم نواز کو سزائیں دلوائیں، کم ازکم اب تو سزا ختم کردیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہر ادارے کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے، معاملات عدالت میں آئین کے مطابق ہونے چاہئیں اور معاملات سفارشات پر نہیں ہونے چاہئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں عدل کے نظام کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے وہ سب کے سامنے ہے، بیان حلفی اور آڈیوکی تہہ تک پہنچنے کی ضر ورت ہے اس میں آنے والی باتیں خطرناک ہیں۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کا معاملہ آئے گا تو سوموٹو نوٹس لینا چاہیے، آڈیو کے معاملے کی تصدیق کرانی چاہیے۔