لاہور (آن لائن) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ خودمختار ادارے ہی جمہوریت کے ضامن ہوتے ہیں، آزادانہ اور شفاف انتخابات ہی معاشرے کی ترقی اور عوام کو بنیادی حقوق کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، معاشرے میں امن و امان اور ترقی کیلیے معاشی خوشحالی بہت ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوکاڑہ کی معروف سیاسی شخصیت سابق رکن قومی اسمبلی سید گلزار سبطین مرحوم کے بڑے بھائی سید گلزار حسنین اور بیٹے سید سلیمان حسنین سے گفتگو میں کیا جنہوں نے گزشتہ روز چودھری پرویز الٰہی اور جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ پنجاب سینیٹر کامل علی آغا سے ملاقات کی اور پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے نظریہ ریاست پر عمل کرکے ہی کامیاب معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے، ہماری سیاست کا مقصد عام اور غریب آدمی کو بروقت بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ سید گلزار حسنین نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کی عوام سے محبت اور خدمت کے جذبے سے متاثرہو کر پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا، سید سلیمان حسنین نے بلدیاتی الیکشن پاکستان مسلم لیگ کی ٹکٹ پر لڑنے کا عزم کیا۔