اسلام آباد: سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس (ر) ثاقب نثار نے سوشل میڈیا پر خود سے منسوب کی گئی وائرل آڈیو کو جعلی قرار دے دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک آڈیو وائرل ہورہی ہے، وائرل آڈیو کو جسٹس (ر) ثاقب نثار سے منسوب کیا جارہا ہے، آڈیو میں دو افراد نواز شریف کو سزا دینے اور مریم نواز سے متعلق بات کررہے ہیں، مبینہ آڈیو ٹیپ میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کسی سے کہہ رہے ہیں کہ عمران خان کی جگہ بنانے کیلئے نواز شریف کو سزا دینی ہو گی، مریم نواز کو بھی سزا دینی ہوگی۔
سوشل میڈیا پر وائرل آڈیو کے معاملے پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا بیان بھی سامنے آگیا ہے، انہوں نے اپنے بیان میں خود سے منسوب مبینہ آڈیو ٹیپ کی تردید کردی ہے، ثاقب نثار نے اسے فیبری کیٹڈ قرار دیا ہے۔
سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس (ر) ثاقب نثار نے کہا کہ میں نے یہ آڈیو سنی ہے ، یہ آواز میری نہیں ہے، مجھ سے منسوب کی گئی یہ آڈیو خود ساختہ اور جعلی ہے۔