کندھکوٹ(نمائندہ جسارت) کندھکوٹ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ کندھکوٹ پہنچ کر مختلف جگہوں پر تعزیتیں کیں۔ اس موقع پر سید خورشید احمد شاہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ سے جو بل پاس کروائے جا رہے ہیں ان میں بے ایمانی ہو رہی ہے ہم حکومت کی ایسی پالیسیوں کو کبھی برداشت نہیں کر سکتے۔ سینیٹ میں پاس ہونے والے بلوں کو چیلنج بھی کیا جا سکتا ہے۔ الیکٹرانک مشین کامیاب نہیں ہو گی۔ الیکٹرانک مشین لاکر عوام کو بیوقوف بنایا جا رہا ہے یہ مشین مکمل ہونے کے لیے 2 سال لگیں گے اور مشین پورے ملک میں لانے کے لیے 9 لاکھ سے زائد مشینیں بھی کم ہیں جبکہ اس مشین پر 50 ارب سے زیادہ خرچ آئے گا اور حکومت پہلے سے ہی ملک میں پیسے نہ ہونے کا چیخ چیخ کر بتا رہی ہے۔ سید خورشید احمد شاہ نے ایم پی اے کندھکوٹ چیف سردار میر عابد خان سندرانی سے ان کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کی۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نے سردار حیدر علی خان جکھرانی، سردار زادہ ڈاکٹر اقرار خان جکھرانی کی بہن کے انتقال پر تعزیت کی اورپیپلز پارٹی کے پرانے جیالے رجب علی شاہ شمسی کی وفات پر ان کی رہائش گاہ پر مرحوم کے بڑے فرزند آصف علی شاہ شمسی سے بھی تعزیت کی۔ آصف علی شاہ سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سید رجب علی شاہ پارٹی کے پرانے ساتھی ہیں ہم ان کی خدمات کو کبھی نہیں بھلا سکتے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر گل محمد خان جکھرانی، جنرل سیکرٹری میر الطاف احمد کھوسو ودیگر بھی ہمراہ تھے ضلع میں پہنچنے پر پیپلز پارٹی کے کارکنان نے سید خورشید احمد شاہ کا شاندار استقبال کیا۔