نوابشاہ (رپورٹ: کاشف رضا) شہر بھر میں بیمار اور بوسیدہ مچھلی کی فروخت شہریوں کے لیے عذاب بن گئی ہے تازہ مچھلی کے فروخت نہ ہونے کی بڑی وجہ فوڈ اتھارٹی کا نہ ہونا بتایا جارہا ہے اس سلسلے میں شہریوں کا کہنا ہے کہ شہری مہنگے داموں مچھلی خریدنے پر مجبور ہیں لیکن پہچان نہ ہونے کی وجہ سے جب گھر میں مچھلی کو صاف کیا جاتا ہے تو اس سے بدبو پیدا ہو جاتی ہے مچھلی کو واپس کرنے پر کئی شہریوں کو مچھلی فروشوں سے تلخ کلامی دیکھتے ہوئے بھی پایا گیا ہے لیکن ضلعی انتظامیہ اس سلسلے میں کوئی اقدام اٹھانے سے قاصر نظر آتی ہے۔ دوسری جانب مچھلی مارکیٹ ہونے کے باوجود شہر بھر میں جا بجا مچھلی کے ٹھیلے لگے ہوئے نظر آتے ہیں جس سے تعفن پھیل رہا ہے شہریوں نے مزید بتایا کہ مچھلی کو فروخت کرتے وقت حفظان صحت کے اصولوں کو بھی بالائے طاق رکھا جاتا ہے فوڈ اتھارٹی کے نہ ہونے کی وجہ گندی اور بدبودار مچھلی فروخت کی جارہی ہے جبکہ فرائی مچھلی کے بھی بازار میں من مانے نرخ وصول کیے جاتے ہیں جو غریب عوام کی پہنچ سے دور ہیں تو اسی وجہ سے غریب عوام میں احساس محرومی بھی جنم لے رہا ہے جبکہ سرد موسم میں ڈاکٹرز کی جانب سے مچھلی کے استعمال پر زور دیا جارہا ہے لیکن اس پورے عمل میں مچھلی فروشوں کو مچھلی کے کے نرخ کی پابندی کرتے ہوئے کوئی ضابطہ فروخت نظر نہیں آتا۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کو صاف ستھری اور مناسب نرخ پر مچھلی کی فروخت کو یقینی بنایا جائے۔