گیس سمیت تمام مسائل سے نجات کا حل پی ٹی آئی حکومت کے خاتمہ میں ہے، بلاول بھٹو

279

کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان مسلسل بحرانوں کو جنم دے کر عوام کے لیے  مشکلات پیدا کررہے ہیں، ملک میں جاری گیس بحران سمیت تمام مسائل کا حل پی ٹی آئی حکومت کا خاتمہ ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں گیس کی قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گیس نہ ہونے سے عوام کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے، وزرا گیس بحران حل کرنے کے بجائے مناظروں کے چیلنج میں مصروف ہیں، عمران خان مسلسل بحرانوں کو جنم دے کر عوام کے لیے  مشکلات پیدا کررہے ہیں، گیس سمیت دیگر مسائل سے نجات کا حل پی ٹی آئی حکومت کا خاتمہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک وقت کے کھانے کیلئے دربدر شہریوں سے معافی مانگیں، حکومت بروقت ایل این جی منگوا لیتی تو یوں گیس کی قلت نہ ہوتی، ہمارے دور حکومت کے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو مکمل کرلیا جاتا تو آج ملک کو توانائی کے بحران کا سامنا نہ ہوتا۔

ایک طرف عمران خان نے گیس  کی قیمتوں میں سینکڑوں فیصد اضافہ کیا، گیس مہنگی کرکے بھی عوام کی پہنچ سے دور کر دی گئی ہے۔ گیس بحران سے نمٹنے میں حکومتی نااہلی کی وجہ سے آج صنعتیں اپنے برآمدی آرڈرز تک پورے نہیں کرپارہی ہیں۔