صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت نے بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرانے کا پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے بلدیاتی الیکشن کا پہلا مرحلہ غیر جماعتی بنیاد پر کرانے کا قانون بنایا تھا جس کو سابق وزیراعلی اکرم درانی سمیت دیگر اراکین صوبائی اسمبلی نے پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔ پشاور ہائی کورٹ نے غیر جماعتی بنیاد پر الیکشن کرانے کی شق کو کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو جماعتی بنیاد پر الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا۔
پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی ۔دائر کردہ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے سے قانون میں ابہام پیدا ہوا ہے لہذا سپریم کورٹ پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔ صوبائی حکومت کی درخواست پر جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ دائر کردہ درخواست کی سماعت 25 نومبر کو کرے گا۔