لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) چانڈکا اسپتال کے آرتھوپیڈک شعبے کے تعاون سے سول اسپتال لاڑکانہ کے آرتھوپیڈک وارڈ میں کمر، جوڑوں، گھٹنوں، ہڈیوں، گرد،مہروں اور عرق انسا درد کے علاج کے لیے دو روزہ مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں کراچی سائوتھ سٹی اسپتال کے ماہر پین اسپیشلسٹ ڈاکٹر آغا سجاد، چانڈکا اسپتال کے ہیڈ آف آرتھوپیڈک سرجری ڈاکٹر ضمیر سومرو اور ہیڈ آف اینتھیزولاجی ڈاکٹر احمد الدین نے مریضوں کا مفت طبی معائنہ کرکے انہیں ادویات دی۔اس موقع پر ڈاکٹر ضمیر سومرو کا کہنا تھا کہ درد میں مبتلا 200 سے زائد مریضوں کا طبی معائنہ کرکے انہیں ادویات دی گئی اگر ضرورت پڑی تو ان میں سے کچھ مریضوں کا مفت آپریشن بھی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ درد کے علاج پر 50 سے 60 ہزار روپے خرچ ہوتے ہیں تاہم ڈاکٹر آغا سجاد کی ٹیم کے تعاون سے اب لاڑکانہ میں بھی مفت معائنہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اس کیمپ میں زیادہ سے زیادہ شرکت کرکے فوائد حاصل کریں تاکہ ان کا مفت میں علاج کیا جاسکے۔