راولپنڈی(اے پی پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بحرین کی کونسل برائے نمائندگان کی سپیکر فوزیہ بنت عبداللہ زینل نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان کی موجودہ سیکورٹی صورتحال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان دوطرفہ روابط کی روایت کو برقرار رکھنے کا خواہاں ہے اور بحرین کے ساتھ طویل مدتی اور پائیدار تعلقات چاہتا ہے۔ انہوں نے انسانی بحران سے بچنے کے لیے افغانستان پر عالمی اتحاد کی ضرورت اور افغان عوام کی معاشی ترقی کے لیے مربوط کوششوں کی ضرورت کا بھی اعادہ کیا۔ بحرین کی کونسل برائے نمائندگان کی اسپیکر نے افغان صورتحال اور علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار اور بارڈر مینجمنٹ کے لیے خصوصی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔