پاکستان اور چین آئندہ نسلوں تک ایک دوسرے سے جڑے رہیں گے، وزیراعظم

424

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین آئندہ نسلوں تک ایک دوسرے سے جڑے رہیں گے۔

وزیراعظم عمران خان سے چینی کاروباری وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں کاروبار، سرمایہ کاری اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حماد اظہر، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، شہباز گل، خالد منصور ملاقات میں موجود تھے۔

ملاقات میں وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی کہ چینی تاجر گلاس، سیرامک اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں کام کرنے کے خواہشمند ہیں، چینی موبائل ساز کمپنی پاکستان میں مینوفیکچرنگ یونٹ لگا رہی ہے، چینی کمپنی کی جانب سے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر قائم کرنے جا رہا ہے۔

وزیراعظم ہدایت کی کہ پاکستان میں صنعتیں لگانے والے چینی سرمایہ کاروں کو سہولیات دی جائیں، سڑکوں اور یوٹیلیٹی سہولیات کی فراہمی سے متعلق مسائل کو حل کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں، خصوصی اقتصادی زونز میں دلچسپی رکھنے والے چینی   سرمایہ کاروں کے مشکور ہیں، پاکستان اور چین کے درمیان عوامی رابطوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان اور چین آئندہ نسلوں تک ایک دوسرے سے جڑے رہیں گے، ترجیحی بنیادوں پر پاکستان میں چینی کاروباری اداروں کی حمایت کریں گے۔