جیالوں کو ہراساں کیا گیا تو دما دم مست قلندر ہوگا،بلاول

131

اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کو جو کرنا ہے کرلے، پشاور اور نوشہرہ میں جلسے ہر صورت میں ہوں گے، پی ٹی آئی ہماری حکومت مخالف مہم سے حواس باختہ ہوکر جلسے روکنے کی کوشش کررہی ہے۔ وہ اسلام آباد میں پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کی صوبائی قیادت سے گفتگو کررہے تھے جس نے ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر خیبر پختونخوا کی سیاسی صورت حال اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، صوبائی قیادت نے بلاول زرداری کو19 نومبر کونوشہرہ اور 30 نومبر کو پشاور میں ہونے
والے جلسوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ پیپلز پارٹی کی صوبائی قیادت نے بلاول زرداری کو بتایا کہ انتظامیہ نے پشاور میں جلسے کی اجازت نہیں دی جب کہ نوشہرہ میں جلسے کے حوالے سے رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں۔بلاول زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت مخالف مہم سے حواس باختہ ہوکر پی ٹی آئی ہمارے جلسے روکنے کی کوشش کررہی ہے، پی ٹی آئی کو جو کرنا ہے کرلے، پشاور اور نوشہرہ میں جلسے ہر صورت میں ہوں گے، اگر خیبرپختونخوا میں حکومتی جماعت کے جلسے ہوسکتے ہیں تو پاکستان پیپلزپارٹی کے جلسے کیوں نہیں ہوسکتے،چیئرمین پیپلز پارٹی نے صوبائی قیادت کو ہدایت کی کہ انتظامیہ کی جانب سے اجازت ملے یا نہ ملے، تمام رکاوٹوں کے باوجود نوشہرہ اور پشاور میں جلسے منعقد کریں، جلسوں پر پابندی کی آڑ میں عوام اور جیالوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کی گئی تو دمادم مست قلندر ہوگا، بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھی عوامی رابطہ مہم کو مزید تیز کیا جائے۔