مایہ ناز بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز کا تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

372

جوہانسبرگ: جنوبی افریقا کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔

جارح مزاج بلے باز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، جس کے بعد اے بی ڈی ویلیئرز کا 18 سال سے زائد عرصے پر محیط ناقابل یقین کیرئیر ختم ہوگیا۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ کرکٹ کا یہ سفر بہت شاندار اور ناقابل یقین رہا ہے تاہم اب میں نے ہر طرزکی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچپن سے اپنے گھر کے پچھلے صحن میں بڑے بھائیوں کے ساتھ شروع ہونے والی کرکٹ سے لے کر آج تک میں نے یہ کھیل خالص لطف اور جوش کے ساتھ کھیلا ہے، اب 37 سال کی عمر میں، وہ شعلہ اب اتنا تیز نہیں جلتا ہے۔‘

خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے انہوں نے 2018 میں ہی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا، جس کے بعد وہ دنیا بھر کی لیگز میں اپنا جلوہ بکھیر رہے تھے۔

2004 میں انٹرنیشنل کرکٹ کا سفر شروع کرنے والے اے  بی ڈی ویلیئزر نے 114 ٹیسٹ، 228 ایک روزہ اور 78 ٹی ٹوئنٹی میچز میں جنوبی افریقا کی نمائندگی کی۔  انہوں نے ٹیسٹ میچز میں 50 کی اوسط سے 8  ہزار 765، ون کرکٹ میں 53 کی اوسط سے 9 ہزار 577 رنز بنائے. ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں 26 کی اوسط سے 1 ہزار 672 رنز بنائے۔