وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،پاکستان کے لیے ایک قریبی پڑوسی ہونے کے ناطے پرامن اور مستحکم افغانستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے،ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ نے یو ایس انسٹیٹیوٹ آف پیس کے وفد نے وزارتِ خارجہ میں ملاقات کے دوران کیا ، ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے مابین دو طرفہ تعلقات ،افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یو ایس انسٹیٹیوٹ آف پیس کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنے واشنگٹن کے دوروں کے دوران یو ایس انسٹیٹیوٹ آف پیس کے ساتھ بات چیت کی ہے،مجھے یقین ہے کہ یو ایس انسٹیٹیوٹ آف پیس دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی کے شعبوں کی نشاندہی اور اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ تاریخ اور جغرافیائی سیاست کے اس اہم موڑ پرہم امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو وسعت دینے کے متمنی ہیں، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں صورتحال مسلسل تبدیل ہو رہی ہے، پاکستان کے لیے ایک قریبی پڑوسی ہونے کے ناطے پرامن اور مستحکم افغانستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ 11نومبر 2021کو، ہم نے افغانستان کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کے لیے پاکستان، چین، روس اور امریکہ پر مشتمل ٹرائیکا پلس، کے اجلاس کی میزبانی کی۔اس اجلاس میں انسانی بحران کو روکنے کی ضرورت، افغانستان سے انخلا کے لیے محفوظ راستے کی فراہمی ، ایک جامع حکومت کی تشکیل، تمام افغانوں کے حقوق کا احترام بشمول خواتین کے مساوی حقوق، لڑکیوں کی تعلیم اور دہشت گردوں کے ذریعے افغان سرزمین کے استعمال کی روک تھام جیسے مشترکہ اہمیت کے حامل اہداف پر گفتگو کی گئی۔