اعتزاز احسن نے سابق جج رانا شمیم کے بیان حلفی کو مشکوک قرار دے دیا

230

لاہور (نمائندہ جسارت) سینئر سیاستدان اور بیرسٹر اعتزاز احسن نے گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کے بیان حلفی کو مشکوک قرار دے دیا۔ لاہور ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نے کہا کہ رانا شمیم کا بیان حلفی بظاہر بالکل بوگس ہے‘ یہ بیان حلفی ماضی کے کیلبری فونٹ اور قطری خط جیسا معرکہ ہے‘ کوئی چیف جسٹس کھلے عام اس طرح کی ہدایت نہیں دے سکتا‘ جسٹس عمر فاروق نواز شریف اور مریم نواز کی اپیلوں پر سماعت کرنے والے بینچ میں شامل نہیں تھے اور اس وقت وہ ملک میں بھی نہیں تھے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ اس میں کوئی شک کی بات نہیں ہونی چاہیے کہ رانا شمیم کے بیان حلفی کے پیچھے کون ہے‘ رانا شمیم کے بھائی لندن میں بیان حلفی تیار کر رہے تھے‘ لندن میں یہ بیان حلفی بنایا گیا ہے‘ سب کو معلوم ہے کہ لندن نواز شریف کا گھر ہے‘ نواز شریف آج تک اپنی منی ٹریل نہیں دے سکے۔