شیخ رشید کے بڑے بھائی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

202

لاہور ‘اسلام آ باد (نمائندہ جسارت+آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کے بڑے بھائی شیخ رفیق قمر کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں ڈی جی رینجر پنجاب میجر جنرل سید آصف حسین، ایم این اے راشد شفیع، سابق ضلعی ناظم لاہور میاں عامر سمیت سیاسی و سماجی شخصیات اور اہل علاقہ نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مرحوم کی مغفرت کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔ بعدازاں مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔علاوہ ازیںصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اوروزیر اعظم عمران خان نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے بڑے بھائی شیخ رفیق قمر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صدر مملکت نے بدھ کو تعزیتی بیان میں شیخ رفیق قمر کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں اہلِ خانہ کے ساتھ ہوں، صدر مملکت نے دعا کی کہ اللہ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے بڑے بھائی لالہ شیخ رفیق قمر کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے شیخ رشید اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میںانہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔