اسلام آباد (اے پی پی)پاکستان اور سعودی عرب نے کراچی میں2011ء میں سعودی سفارتکار پر دہشت گردی کے واقعے کی تحقیقات جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا ہے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے یقین دلایا ہے کہ دہشت گردی کے اس واقعے میں ملوث تمام افراد کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ بدھ کو وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی سربراہی میں سعودی وفد نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے ملاقات کی ،جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں کراچی میں 2011ء میں سعودی سفارتکار پر دہشت گردی کے واقعے کی تحقیقات جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ سعودی عرب کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے تعلقات انتہائی دیرینہ اور برادرانہ ہیں، پاک سعودی تعلقات تاریخی ہیں جن پردونوں ممالک کوفخر ہے، وزارت داخلہ کا پاک سعودی باہمی تعلقات کے فروغ میں کردار قابل ستائش ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے نئی تشکیل شدہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم 30 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی، دہشت گردی کے واقعے میں ملوث تمام افردکو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔