لاہور: ہائکورٹ نے اسموگ کے باعث حکومت کو نجی دفاتر میں 50 فیصد اسٹاف کے ساتھ کام کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں اسموگ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس شاہد کریم نے شیراز ذکاء اور اظہر صدیق کی درخواستوں پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران جوڈیشل واٹر کمیشن کی جانب سے اسموگ ایمرجنسی پلان پیش کیا۔
جوڈیشل واٹر کمیشن نے سفارش کی کہ 400 اے کیو آئی تک کے علاقوں میں اسکول بند کر دیےجائیںاور ائیر کوالٹی انڈیکس 500 والے علاقوں صنعتی یونٹس بند کیے جائیں جبکہ آلودگی اور سموگ کو کنٹرول کرنے کےلیے اسٹیٹ ایمرجنسی لگائی جائے۔
لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ کے باعث حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ نجی دفاتر میں 50 فیصد اسٹاف کے ساتھ کام کا نوٹیفکیشن فوری جاری کرے جبکہ عدالت نے 400 سے زائد ائیر کوالٹی انڈیکس والے علاقوں میں اسکول بند کرنے کی تجویز رد کردی۔
عدالت نے پنجاب حکومت کے وکیل کو ہدایت کی کہ سرکاری اداروں میں 50 فیصد اسٹاف کے ذریعے کام پر بھی غور کریں۔