ٹھٹہ ،مویشی منڈی غیر قانونی طور پر چلنے کا انکشاف

163

ٹھٹھہ(نمائندہ جسارت)میرپور ساکرو شہر میں قائم مویشی منڈی 2014ء سے غیر قانونی طور پر چلنے کا انکشاف، مارکیٹ کمیٹی کو فیس ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے انتظامیہ نے مویشی منڈی چلانے والے 7 افراد کے لائسنس منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق میرپور ساکرو شہر میں قائم مویشی منڈی 2014ء سے مسلسل غیر قانونی طور پر چلنے کا انکشاف ہوا ہے مارکیٹ کمیٹی کو فیس ادائیگی نہ کرنے پر انتظامیہ نے 7 افراد کے لائسنس منسوخ کردیے ہیں۔ذرائع کے مطابق مارکیٹ کمیٹی میرپور ساکرو میں 7 بااثر شخصیات کے نام پر کافی عرصے پہلے لائسنس حاصل کرکے مویشی منڈی کی فیس مارکیٹ کمیٹی کو ادا نہیں کی گئی، 2014ء سے مویشی منڈی کا لائسنس ریونیو نہ ہونے کے باوجود مقامی انتظامیہ کی ملی بھگت سے مسلسل مویشی منڈی قائم ہوتی رہتی ہے جبکہ کل مارکیٹ کمیٹی میرپور ساکرو کے ایڈمنسٹریٹر اپنے جاری کردہ لیٹر میں مویشی منڈی چلانے والے میر حسن، شاہنواز، نور محمد، ریاض احمد، عزیز احمد، عبدالعزیز اور گل حسن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فوری طور پر لائسنس منسوخ کردیے گئے ہیں اور مارکیٹ کمیٹی کے ایڈمنسٹریٹر اور مذکورہ مویشی منڈی چلانے والے کے درمیان معاہدہ بھی منسوخ کر دیا گیا ہے، اس کے باوجود میرپور ساکرو شہر کے مین روڈ پر آج مویشی منڈی لگائی گئی اور مارکیٹ کمیٹی انتظامیہ کے حکم کو سبوتاژ کرتے ہوئے بااثر شخصیات لگائی گئی مویشی منڈی میں خرید وفروخت والوں سے غیر قانونی طور پر ٹیکس کی وصولی کی ہے۔ذرائع کے مطابق ہر ہفتہ منگل کے روز لگنے والی مویشی منڈی کے ٹیکس ذریعے لاکھوں روپے وصول کیے جاتے ہیں اور 2014ء سے لیکر کروڑوں روپے کی آمدنی کے باوجود سرکاری خزانے میں ایک روپیہ بھی جمع نہیں کروایا گیا ہے۔دوسری جانب مارکیٹ کمیٹی کی انتظامیہ کی جانب سے ضلع انتظامیہ اور پولیس کو لیٹر جاری کردیے گئے ہیں تاکہ غیر قانونی طور پر چلنے والی مویشی منڈی بند کرنے اور اینٹی کرپشن محکمہ کو بااثر شخصیات کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے لیٹر جاری کر دیا گیا ہے۔