سکھر،بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف شہریوں کا احتجاج

103

سکھر (نمائندہ جسارت)بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہریوں کا احتجاجی مظاہرہ، سیپکو کا علامتی جنازہ نکال کر حکومت کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف سکھر شہری اتحاد ضلع سکھر کے زیر اہتمام مائیکرو کالونی نیو تعلقہ سکھر میں علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے چیئرمین مولانا عبید اللہ بھٹو ابن آزاد ،مولانا عارف الحسینی ، فضل بھٹو ،قربان میرانی، قدرت اللہ بروہی ، حسیب اللہ حیدریاور اسامہ بھٹوو دیگر کی قیادت میں سیپکو و متعلقہ سب ڈویژن کے خلاف سیپکو کا علامتی جنازہ نکالا اور احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے نعرے بازی کی ۔مظاہرین نے ہاتھوں میں بجلی کی تاریں اور بلب اٹھا رکھے تھے۔اس موقع پر مظاہرین میں شامل سکھر شہری اتحاد کے چیئرمین مولانا عبید اللہ بھٹو ابن آزاد ،مولانا عارف الحسینی فضل الرحمن بھٹو و دیگر کا کہنا تھا کہ موسم سرما میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سمجھ سے بالا ترہو چکی ہے ،سیپکو انتظامیہ موسم گرما سے بھی زیادہ لوڈ شیڈنگ کر رہی ہے سکھر کے مختلف علاقوں مائیکرو کالونی ، بھوسہ لائن ، نیو پنڈ ، پیر مراد شاہ کالونی ، پرانا سکھر سمیت دیگر پسماندگان علاقوں میں 18سے 20گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ نے علاقہ مکینوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے، متاثرہ علاقے تاریکی میں ڈوبے ہوئے ہیں لیکن سیپکو انتظامیہ یا حکمرانوں کوعوام کا کوئی خیال نہیں ہے حکمران غریب عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان کو درپیش مشکلات میں مزید اضافہ کر رہے ہیں جو سراسر ناانصافی ہے۔ مظاہرین نے بالا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سکھر میں سیپکو کی جانب سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ بڑھادیا جائے گا۔