ایرانی ہیلی کاپٹر کی امریکی بحری بیڑے کے قریب پرواز

229

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ خلیج عمان میں موجود امریکی جنگی جہاز کے انتہائی قریب ایک ایرانی ہیلی کاپٹر کو پرواز کرتے دیکھا گیا۔ امریکی حکام نے اس واقعے کو خطرناک قرار دیا ہے۔ ادھر ایرانی ذرائع ابلاغ میں ایرانی ہیلی کاپٹر کے امریکی جنگی جہاز کے قریب پرواز کرنے کی تصاویر شائع کی گئی ہیں۔ ایرانی سپاہ پاسداران انقلاب نے 11 نومبر کو خلیج عمان میں امریکی بیڑے کے انتہائی قریب پرواز کرتے ہوئے ایرانی ہیلی کاپٹر کی پرواز کے واقعے کا وڈیو کلپ جاری کیا تھا،جس پر پینٹاگون کا ردعمل سامنے آیا ہے۔ پینٹاگان کے ترجمان جان کربی نے ایک نیوز کانفرنس کو بتایا کہ ایرانی ہیلی کاپٹر کو 11 نومبر کو آبنائے عمان میں امریکی بحری بیڑے کے قریب پرواز کرتے دیکھا گیا۔ ایرانی ہیلی کاپٹر نے بحری بیڑے سے تقریباً 25 گز کی دوری پر سمندر کی سطح سے 10 گز کی بلندی پر 3بار پرواز کی۔ جان کربی نے بتایا کہ یہ ایک خطرناک اقدام تھا، جو تشویش ناک صورت حال کی جانب لے جا سکتاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب دشمن اس انداز سے پرواز کرنے لگے تو لا محالہ آپ دوسروں کو کشیدگی اور ایک دوسرے کی جانب سے غلط فیصلوں سے متعلق خبردار کیا کرتے ہیں۔ ایران کو جان لینا چاہیے کہ یہ کسی کے بھی فائدے میں نہیںہے۔