کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا ہے کہ جب بھی شفاف الیکشن ہوںگے، بلاول زرداری وزیراعظم ہوںگے، ہمیں اپنے لیے نہیں عوام کے مسائل کے حل کے لیے حکومت چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ای وی ایم مشین پر الیکشن کمیشن اپنے37 تحفظات دے چکا ہے، ای وی ایم مشین میں جب بیلٹ کی سیکریسی نہیں رہے گی تو کیسے شفاف انتخابات ہوسکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے اعتراضات ختم کیے بغیر قانون سازی نہیں ہوسکتی، جو منصوبہ بندی کی جا رہی ہے وہ سیاست دانوں کو ختم کرنے کے لیے کی جا رہی ہے۔ اس معاملے پر سب سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا پڑے گا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے مطالبے پر مشترکہ اجلاس نہیں بلایاجارہا، یہ آئین کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی پارلیمنٹ کے سامنے تنخواہوں کے حوالے سے دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔