عدالت عظمیٰ سابق جج پر الزام کے معاملے کا نوٹس لے، خورشید شاہ

96

پشاور/ سکھر (صباح نیوز+ اے پی پی) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اس حکومت میں شروع دن سے پنڈورا باکس کھل رہے ہیں، سابق جج پر الزام سنگین مسئلہ ہے، اس مسئلے کا عظمیٰ کو سو موٹو نوٹس لینا چاہیے، ملک میں جمہوریت کے نام پر آمریت کی حکومت ہے۔ پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اگر پارلیمنٹ کمزور ہوگی تو تمام ادارے کمزور ہوں گے، ملک کے اداروں کو مضبوظ کرناچاہتے ہیں تو پارلیمنٹ کو مضبوط کیا جائے، غیرآئینی قانونی سازی کو روکنا ہمارا حق ہے، آئین سے بالاتر ہو کر کوئی کام نہیں کرنا چاہتے، پیپلز پارٹی نے جو کہا اس پر عمل کیا، ہم سیاسی لوگ ہیں آمریت کے خلاف لڑے ہیں، موجودہ حکومت نے پارلیمنٹ کو کوئی اہمیت نہیں دی، سیاسی جماعتیں وقت کے ساتھ فیصلے کرتی ہیں، ہم آئینی طریقے سے تبدیلی چاہتے ہیں، ملک میں پروپیگنڈا بڑا چلتا ہے، آج کل تو کچھ زیادہ ہی ہے۔ علاوہ ازیں سید خورشید شاہ کے بعد ان کے صاحبزادے رکن صوبائی اسمبلی فرخ شاہ کو بھی ضمانت پر رہا کردیا گیا۔ فرخ شاہ احتساب عدالت سکھر میں پیش ہوئے، جج فرید انور قاضی نے ان کی رہائی کیلیے آرڈر جاری کیے۔ فرخ شاہ کے وکیل کے مطابق ہم نے ایک کروڑ روپے کے مچلکے عدالت میں جمع کرائے ہیں۔