اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ کیسے کیسے لطیفے اس ملک میں نواز شریف کو مظلوم ثابت کرانے کی مہم چلا رہے ہیں۔ سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان سے متعلق خبر پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے ایک ٹویٹ میںکہا کہ ایک صحافی کی ایک حیرت انگیز اسٹوری نظر سے گزری ! کیسے کیسے لطیفے اس ملک میں نواز شریف کو مظلوم ثابت کرانے کی مہم چلا رہے ہیں، اندازہ لگائیں آپ کسی جج کے پاس چائے پینے جائیں وہ آگے سے فون ملا کر بیٹھا ہے کہ آپ کے سامنے ہی ایسی ہدایات جاری کرے کہ کسی ملزم کی ضمانت لینی ہے یا نہیں لینی! ، ملزم بھی کوئی عام آدمی نہیں ملک کا وزیر اعظم ہے۔ فواد چودھری کاکہنا تھا کہ بیوقوفانہ کہانیاں اور سازشی تھیوریاں گھڑنے کے بجائے یہ بتا دیں نواز شریف نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس جو بعد میں مریم نواز کی ملکیت میں دے دیے گئے ان کے پیسے کہاں سے آئے؟۔ مریم نے کہا کہ میری لندن میں تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائداد نہیں اب اربوں کی جائداد سامنے آ چکی جواب اس کا دیں۔ گلگت بلتستان کے سابق چیف جسٹس رانا ایم شمیم نے اپنے مصدقہ حلف نامے میں کہا ہے کہ وہ اس واقعے کے گواہ تھے جب اْس وقت کے چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے ہائی کورٹ کے ایک جج کو حکم دیا تھا کہ 2018ء کے عام انتخابات سے قبل نواز شریف اور مریم نواز کو ضمانت پر رہا نہ کیا جائے۔ سابق چیف جج گلگت بلتستان نے انکشاف کیا کہ ثاقب نثار نے جج کو حکم دیا الیکشن سے پہلے نواز شریف اور مریم چھوٹنے نہیں چاہئیں۔