اسلام آباد: سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے نواز شریف کی ضمانت سے متعلق سامنے آنے والی خبر کو جھوٹ کا پندہ قرار دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق معروف صحافی انصار عباسی کی خبر سامنے آئی کہ گلگت بلتستان کے سابق چیف جسٹس رانا ایم شمیم نے ایک بیان حلفی دیا ہے، جس میں ان کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے ہائی کورٹ کے ایک جج کو حکم دیا تھا کہ 2018ء کے عام انتخابات سے قبل نواز شریف اور مریم نواز کو ضمانت پر رہا نہ کیا جائے، اس خبر پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔
سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے متعلق رپورٹ ہونے والی خبر حقائق کے منافی ہے، سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان رانا شمیم کے سفید جھوٹ پر کیا جواب دوں، ہر ایک جھوٹی اور من گھڑت بات کا رد عمل دینا دانشمندی نہیں۔
ثاقب نثار نے کہا کہ رانا شمیم بطور چیف جسٹس گلگت بلتستان عہدے کی توسیع مانگ رہے تھے جو میں نے منظور نہیں کی۔ ایک مرتبہ رانا شمیم نے مجھ سے ایکسٹینشن نہ دینے کا شکوہ بھی کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میرے خلاف خبریں کون چلواتا ہے، مجھے سب معلوم ہے۔