اسلام آباد(آن لائن)سپریم کورٹ نے شیشہ فلیور کی امپورٹ پر پابندی کیخلاف دائر درخواست واپس لینے پر خارج کر دی ہے۔
جسٹس اعجا زلاحسن کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے شیشہ فلیور پر پابندی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے درخواست واپس لینے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ شیشے کی درآمد کے بارے جو ریگولیشنز چاہتے تھے وہ سندھ حکومت نے بنا دیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ حل ہوچکا اس لئے درخواست واپس لینا چاہتے ہیں۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے درخواست واپس لینے پر خارج کردی۔
واضح رہے کہ وزارت تجارت نے سپریم کورٹ کے حکم پر 2015 میں شیشہ فلیور کی درآمد پر پابندی عائد کی تھی اور علی عمران نامی شہری نے شیشے کی امپورٹ پر پابندی کیخلاف درخواست دائر کی تھی۔