چین کی مرکزی حکومت نے سیلاب سے متاثرہ صوبوں ہینان ، شنسی ، شانشی اور گانسو کی امداد کیلئے 3 ارب 7 کروڑ یوآن(تقریبا 48 کروڑ امریکی ڈالر)مختص کیے ہیں۔یہ فنڈز سیلاب پر قابو پانے ، قدرتی آفات سے نمٹنے اور ان علاقوں میں تباہ شدہ عمارتوں کی تعمیر نو کیلئے استعمال کیے جائینگے۔وزارت خزانہ اور وزارت ایمرجنسی مینجمنٹ نے اس سے قبل اسی مقصد کی خاطر ان صوبوں کیلئے 1 ارب 14 کروڑ یوآن مختص کیے تھے۔ایک حالیہ پریس کانفرنس کے مطابق 2021 کے دوران چین کو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں زیادہ شدید سیلابوں کا سامنا کرنا پڑا ہے ، سال کے ابتدائی 10 ماہ کے دوران سیلاب کے نتیجے میں 590 افراد ہلاک یا لاپتہ ہو چکے ہیں۔چین میں جنوری سے اکتوبر کے دوران آنیوالے سیلاب سے مجموعی طور پر 5 کروڑ 89 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں اور 35 لاکھ 20 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ اس عرصہ کے دوران سیلاب کی وجہ سے تقریبا 2 لاکھ 3 ہزار مکانات منہدم ہو چکے ہیں۔