میرے لیے وزارت عظمیٰ کا فیصلہ نہیں ہوا، خورشید شاہ

150

سکھر (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ میرے لیے کوئی وزارت عظمی کا فیصلہ نہیں ہوا ہے، میرے وزیراعظم بننے سے کوئی پہاڑ نہیں ٹوٹ پڑے گا، حکومت کے خلاف اپوزیشن ایک پلیٹ فارم پر ہے، ہم سب ساتھ ہیں۔اپوزیشن کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کا کریڈٹ میرا نہیں سب کا ہے، لانگ مارچ بہت دور ہے، اللہ کرے گا پہلے
ہی کام ہوجائے گا۔ سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) میں کوئی دھڑے بندی نہیں، یہ ایک ہی ہے، ابھی تک کوئی مشترکہ حکومت بنانے کی بات نہیں ہوئی، پی ڈی ایم کے ساتھ جو بھی غلط فہمیاں ہیں وہ آہستہ آہستہ دور ہو جائیں گی۔ ہم چاہتے ہیں مہنگائی کا سونامی ختم ہو، عوام سکون کا سانس لیں۔ صحافی نے خورشید شاہ سے سوال کیا کہ کیا ان ہاؤس تبدیلی پر اپوزیشن کو راضی کر رہے ہیں؟ جس پر خورشید شاہ سوال ٹال گئے اور جواب میں کہا کچھ ایسی چیزیں ہوتی ہیں جو بتائی نہیں جاتیں۔ انہوں نے کہا کہحکومت نے عوام پر جو مہنگائی کا عذاب ڈالا ہے اس میں کمی لانے کیلیے پارلیمنٹ کو طاقت ور بنانا پڑے گا، ہم چاہتے ہیں کہ ادارے مضبوط ہوں، پارلیمنٹ مضبوط ہو، ہمیں پارلیمنٹ کو طاقت ور بنانا ہے، اس سے سارے ادارے طاقت ور ہوں گے۔