سکھر: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ مشترکہ حکومت بنانے سے متعلق کو ئی بات نہیں ہوئی۔
انہوں نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک کوئی مشترکہ حکومت بنانے کی بات نہیں ہوئی، میرے لئے کوئی وزارت عظمیٰ کا فیصلہ نہیں ہوا۔
میرے وزیر اعظم بننے سے کوئی پہاڑ نہیں ٹوٹ پڑے گا، ہم چاہتے ہیں ادارے مضبوط ہوں، پارلیمنٹ طاقتور ہوگی تو سارے ادارے مضبوط ہوں گے۔ چاہتے ہیں مہنگائی کا سونامی ختم ہو، عوام سکون کی سانس لیں،حکومت نے عوام پر جو مہنگائی کا عذاب ڈالا ہے اس میں کمی لانے کے لیے پارلیمنٹ کو طاقت ور بنانا پڑے گا۔
صحافی نے خورشید شاہ سے سوال کیا کہ کیا ان ہائوس تبدیلی پر اپوزیشن کو راضی کر رہے ہیں؟ جس پر خورشید شاہ سوال ٹال گئے اور جواب میں کہا۔کچھ ایسی چیزیں ہوتی ہیں جو بتائی نہیں جاتیں۔انہوں نے کہا ہے کہ ن لیگ میں کوئی دھڑے بندی نہیں ، ہم مل بیٹھ کر بات کریں گے۔حکومت کے خلاف اپوزیشن ایک پلیٹ فارم پر ہے۔اب ہر چیز بہتر ہوتی جائے گی،غلط فہمیاں دور ہوجائیں گی۔
ا نہوں نے کہاکہ اپوزیشن کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کا کریڈٹ میرا نہیں سب کا ہے۔لانگ مارچ بہت دور ہے، اللہ کرے گا پہلے ہی کام ہوجائے گا۔