سرگودھا کے علاقے کوٹ کمبوہ میں 2 ماہ قبل خالد سیف اللہ نامی نوجوان کو موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے قتل کردیا جس کے بعد ملزمان کو گرفتار کیا گیا تو اصل حقائق سامنے آگئے۔
تفصیلات کے مطابق 13 ایکڑ زمین کی خاطر چچا نے اکلوتے یتیم بھتیجے کو اجرتی قاتلوں سے قتل کرایا اور بعد میں مقدمے کا خود ہی مدعی بن کر قاتلوں کو تلاش کرتا رہا، مقتول کے چچا کرم داد نے بھتیجے کے قتل کا مقدمہ اپنے مخالفین کے خلاف درج کروا کر انہیں گرفتار کروایا۔
تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ خالد سیف اللہ کا قاتل تو اس کا اپنا چچا ہے اور 6 لاکھ روپے کے عوض محض 13 ایکڑ اراضی پر قبضہ کرنے کیلئے اجرتی قاتلوں کے ذریعے اس نے اپنے بھتیجے کو قتل کروایا۔
ڈی ایس پی شاہ پور سرکل رانا محمد اقبال کے مطابق مشکوک صورتحال کے باعث مقتول کے چچا کو گرفتار کرکے تفتیش کی گئی تو تمام حقائق سامنے آئے۔
پولیس کے مطابق چچا اور3 اجرتی قاتلوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور مقدمہ کا چالان جلد عدالت کو بھیج دیا جائے گا۔