ٹھٹھہ(نمائندہ جسارت)مکلی مارکیٹ میں کریانہ اسٹور کے گودام میں آگ لگ گئی کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جاتی ہے ۔مکلی جامع مسجد کے نیچے سالوں سے قائم دکانوں میں سے ایک ہارڈویئر کی دکان کے گودام میں رات دیر گئے اچانک آگ بھڑک اٹھی جوکہ صبح تک لگی رہی مددگار 15 بیس مکلی کے جوانوں اور دیگر لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پانے کی کوشش کی اور فائر بریگیڈ عملے کو اطلاع دی مگر فائر بریگیڈ کا عملہ نہ پہنچ سکا آگ اس قدر تیز تھی کہ اس کی وجہ سے جامع مسجد مکلی کی دیواروں کو بھی نقصان پہنچا آگ پر قابو پانے کیلیے گھارو شہر سے فائر بریگیڈ گاڑیاں اطلاع دینے کے تین گھنٹوں بعد پہنچیں جنہوں نے دو گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا ۔اس واقعے پر پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو ٹیمیں بھی پہنچ گئیں گودام اور کریانہ اسٹور کے مالکان سیٹھ پوپٹ اور نندو کے مطابق ایک کروڑ سے زائد ہارڈ ویئر کا سامان مکمل جل کر خاکستر ہوگیا ہے آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جاتی ہے۔ مکلی پولیس واقع کی تحقیقات کررہی ہے۔