ان ہائو س تبدیلی نہیں انتخابات ضروری ہیں،فضل الرحمن ،وزیراعظم بھاگنے پر مجبور ہوگئے،بلاول

470
اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری اور جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمن میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

اسلا م آباد (آن لائن/صباح نیوز) پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم نے پارلیمنٹ کے اندر حکومت کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے تاہم پیپلز پارٹی ، پی ڈی ایم میں دوبارہ شامل نہیں ہوگی‘مولانا فضل الرحمان نے ان ہائوس تبدیلی کے بجائے فوری نئے انتخابات کا مطالبہ کردیا اور کہا کہ اس حکومت کو جعلی منڈیٹ ملا تھا لہٰذا اس کا خاتمہ بہت ضروری ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے ہفتے کو سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ بلاول زرداری کے ہمراہ یوسف رضا گیلانی اور قمر زمان کائرہ بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بات چیت ہوئی۔بعدازاں بلاول زرداری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جعلی حکومت الیکشن اصلاحات کاحق نہیں رکھتی‘ پارلیمنٹ اور قوم کو مشکلات کا سامنا ہے‘ ہم جعلی حکومت کو بہت جلد گھر بھجیں گے‘ حکومت ایک قانون سازی میں شکست کھا چکی ہے جس کے بعد انہیں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ملتوی کرنا پڑا اور معلوم نہیں کہ اس دوران وہ کیا گل کھلائیں گے‘ ادھر ادھر منہ ماریں گے اور خریداری کریں گے‘ اگر حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس دوبارہ طلب کیا تو اسی اتحاد کے ساتھ اس کی نفی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول سے ملاقات میں سب جزئیات پر گفتگو نہیں ہوسکی‘خیرسگالی کا اظہار ہے، آنے والے دنوں میں مزید بات ہوگی‘ جعلی اکثریت سے قانون سازی کی گئی تو یہ آمرانہ اقدام ہوگا‘ جعلی اکثریت تسلیم نہیں کریں گے۔ اس موقع پر بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت کو آج کل ہر روز شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے‘ اپوزیشن کے پارلیمان میں اتحاد کی وجہ سے قومی اسمبلی میں ایک بل پر حکومت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اپوزیشن کا ایک بل پاس ہوا‘ متحدہ اپوزیشن کی دوسری کامیابی یہ ہے کہ حکومت نے پارلیمنٹ کا اپنا ہی بلایا ہوا مشترکہ اجلاس رات کے اندھیروں میں منسوخ کیا اور وزیر اعظم صاحب بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔ حکومت کو آئے روز شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے‘ ہم نے نیب آرڈیننس کی سازش، ای وی ایم کے ذریعے الیکشن کمیشن کو زیر عتاب لانے کی سازش ناکام بنائی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے مولانا فضل الرحمان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہمارا بزرگوں کے وقت کا تعلق ہے‘ 3 نسلوں سے ہمارا رشتہ ہے‘ جے یو آئی (ف) کے ساتھ تعلقات قائم رہیں گے اور مولانا فضل الرحمٰن نے اپوزیشن جماعتوں میں اتحاد کو یقینی بنانے کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ بلاول نے کہا کہپی ڈی ایم میں واپسی پر کوئی بات نہیں ہوئی‘ ہم نے جمہوری طریقہ سے حکومت کو نقصان پہنچایا ہے‘ہم نے ہمیشہ جمہوری عمل کی بات کی ہے۔