سندھ ہائی کورٹ نے سوئی سدرن گیس کمپنی اور ایم ڈی عمران مینار کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سوئی سدرن گیس کمپنی کو 5 کروڑ 78 لاکھ روپے ناظر کے پاس جمع کرانے کا حکم دیدیا۔جمعہ کو سندھ ہائی کورٹ میں جسٹس ذوالفقار احمد خان پر مشتمل سنگل بینچ نے سوئی سدرن گیس کمپنی اور ایم ڈی عمران مینار کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست عاصم اقبال ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی۔ عاصم اقبال ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ 27 سال گیس کمپنی کی قانونی معاونت کی۔ کمپنی نے معاوضہ کی ادائیگی ہمیشہ التوا میں رکھی۔ عدالت سے رجوع کرنے پر حق میں فیصلہ ہوا لیکن تا حال ادائیگی نہیں کی گئی۔ کمپنی کے نئے وکیل نے تیاری کیلیے مہلت طلب کرلی۔ عدالت نے سوئی سدرن گیس کمپنی کو 5 کروڑ 78 لاکھ روپے ناظر کے پاس جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے پہلے ڈکری کی گئی رقم عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت یکم دسمبر تک کیلیے ملتوی کردی۔