لاہور(جسارت نیو)پاکستان ہاکی فیڈریشن ایگزیکٹو بورڈ و کانگریس اجلاس، برگیڈیئر خالد سجاد کھوکھر کی زیرصدارت ملک بھر سے ملحقہ یونٹس کے نمائندگان کی شرکت، کانگریس نے ریجنل انفراسٹکچرکی منظوری دے دی، ملک بھر میںپی ایچ ایف کے 10 ریجن قائم کرنے کی منظوری، پنجاب میں 4، سندھ میں 2، کے پی کے،بلوچستان،اسلام آباد ،آزاد کشمیر،گلگت بلتستان میں ایک ایک ریجن قائم، سیکرٹری جنرل آصف باجوہ نے اجلاس کی کارروائی سرانجام دی، پی ایچ ایف کانگریس ممبران نے پی ایچ ایف ہاکی لیگ کی منظوری دے دی، پی ایچ ایف ہاکی لیگ مارچ 2022 میں منعقد کرانے کے لیے انتظامات جاری، کانگریس ممبران کی جانب سے آڈیٹرز کی تقرری،آڈٹ کی منظوری، عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کی تعمیر نو کے لیے اسٹیرینگ کمیٹی قائم کردی گئی، پی ایچ ایف کی جانب سے گراس روٹ پر قومی کھیل کی ترویج و ترقی کے لیے صوبائی سطح پر ہاکی اسٹکس دی جائیں گی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام پی ایچ ایف کانگریس کا 55واں سالانہ اجلاس پی ایچ ایف ہیڈ کواٹرز لاہور میں منعقد ہوا جس کی صدارت صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن برگیڈیئر رخالد سجاد کھوکھر نے کی جبکہ سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف اولمپین آصف باجوہ نے اجلاس کی کاروائی باضابطہ ایجنڈا منعقد کی۔ اجلاس میں ملک بھر سے پی ایچ ایف ملحقہ یونٹس کے نمائندگان ممبران کانگریس نے شرکت کی۔ پی ایچ ایف کانگریس اجلاس میں بالاتفاق رائے پی ایچ ایف کے ریجنل انفراسٹکچرکی منظوری دیدی گئی۔ پی ایچ ایف ملک بھر میں 10 ریجن قائم کرے گی جس میں پنجاب میں چار، سندھ میں دو، خیبرپختونخواہ، وفاق، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، بلوچستان میں ایک، ایک ریجن قائم کیا جائے گا۔ کانگریس اجلاس میں آڈٹ، آڈیٹر کے تقرر کی بھی منظوری دی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی کی تعمیر نو کے سلسلے میں اسٹیئرنگ کمیٹی کا بھی قیام عمل میں لایا گیا۔ صدر پی ایچ ایف برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر نے وومن ہاکی میں مثالی کام کرنے پر جی ایم وومن ونگ سندھ ہاکی سیدہ شہلا رضا کی خدمات کو خصوصی طور پر سراہا۔ کانگریس اجلاس میں پی ایچ ایف ہاکی لیگ کی بھی منظوری دی گئی جو کہ مارچ 2022 میں متوقع ہے اس سلسلے میں انتظامات جاری ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے گراس روٹ لیول پر قومی کھیل کی ترویج و ترقی کے لیے صوبائی سطح پر ہاکی اسٹکس دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ کانگریس اجلاس میں 2021-2022 اسپورٹس کیلنڈر ایونٹس کی منظوری اور ری شیڈولنگ بھی شامل ہے۔ صدر پی ایچ ایف برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف آصف باجوہ کی جانب سے بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن، پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن ، سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کی جانب سے ہاکی ایونٹس کے کامیاب انعقاد ماڑی پیٹرولیم، پاکستان نیوی سمیت ڈیپارٹمنٹس کی جانب سے کرائے گئے ہاکی ایونٹس کو بھی خصوصی طور پر سراہا گیا۔