کوئی مقدس گائے نہیں، حکم کریں، ایکشن لیں گے، وزیراعظم کا سپریم کورٹ میں جواب

221

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سپریم کورٹ میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں کوئی مقدس گائے نہیں آپ حکم کریں، ہم ایکشن لیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں سانحہ اے پی اایس ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی، عدالت کے طلب کرنے پر وزیراعظم عمران خان عدالت میں پیش ہوئے۔

وزیراعظم نے عدالت میں روسٹرم پر آ کر اپنا بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے کہا کہ جب سانحہ ہوا تو کے پی میں ہماری حکومت تھی، سانحہ اے پی ایس بہت درد ناک تھا، سانحہ کی رات ہم نے اپنی پارٹی کا اجلاس بلایا تھا، واقعہ کے دن ہی پشاور گیا تھا، اسپتال جا کر زخمیوں سے بھی ملا، واقعہ کے وقت ماں باپ سکتے میں تھے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت جو بھی مداوا کرسکتی تھی کیا، والدین کہتے ہیں ہمیں حکومت سے امداد نہیں چاہیے، سانحہ کے بعد نیشنل ایکشن پلان بنایا گیا، دہشتگردی کے خلاف جنگ جیتی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے 80 ہزارجانوں کی قربانیاں دی ہیں، عوام دہشت گردی کیخلاف فوج کی پشت پرکھڑی تھی، میں قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہوں، ملک میں کوئی مقدس گائے نہیں، آپ حکم کریں ہم ایکشن لیں گے۔

عدالت نے 20 اکتوبر کے حکم نامے پر عملدرآمد کی ہدایت کی جس پر وزیراعظم عمران خان نے سپریم کورٹ کو انصاف کے تقاضے پورے کرنے کی یقین دہانی کرائی۔