پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ نے بدھ کو قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے الگ لگ ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اورحکومت مخالف احتجاجی تحریک سمیت اہم سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال ہوا ۔شہباز شریف سے خورشید شاہ کی ملاقات پارلیمنٹ ہاﺅس میں ان کے چیمبر میں ہوئی ،شہباز شریف نے خورشید شاہ کو ضمانت پر رہائی کی مبارکباد دی جبکہ دونوں رہنماﺅں نے پارلیمانی اور سیاسی صورت حال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں نے ملکر حکومتی قانون سازی روکنے پر بھی اتفاق کیا ،شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت نے اہم قوانین کی منظوری کو بلڈوز کیا تو اپوزیشن کا رد عمل شدید ہوگیا اس پر ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے کیونکہ حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشین سمیت ایسے متنازع قوانین پاس کروانا چاہتی ہے جس سے ملک کو نقصان ہوگا اور ان قوانین پر اپوزیشن سے مشاورت تک نہیں کی گئی ۔خورشید شاہ نے کہاکہ پیپلز پارٹی سمیت اپوزیشن کی تمام جماعتیں پارلیمنٹ کے اندر متحد ہیں اور حکومت کو آج مشترکہ اجلاس کے موقع پر ٹف ٹائم دیا جائیگا ۔مولانا فضل الرحمن نے بھی خورشید شاہ کو ضمانت پر رہا ہونے پر مبارکباد دی جبکہ دونوں رہنماﺅں کے درمیان سیاسی صورت حال اور پی ڈی ایم کی تحریک پر تبادلہ خیال ہوا ،مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اس حکومت کو مزید وقت دینا ملک اور عوام کے ساتھ ظلم ہوگا اس لئے پی ڈی ایم سڑکوں پر ہے اور13 نومبرکو کراچی میں بہت بڑی عوامی ریلی نکالی جارہی ہے جس سے پی ڈی ایم کی قیادت خطاب کرے گی ۔