پاکستان بدترین انتظامی بحران کا شکار ہے، احسن اقبال

276

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان بدترین انتظامی بحران کا شکار ہے، حکومت اپنے اصل کرپشن کیسز میں چھپنے کیلئے خود کو این آر او دے چکی ہے، وزیراعظم نے کہا تھا کہ میں اپوزیشن کو این آر او نہیں دوں گا، وزیراعظم نے بے شرمی سے خود کو اور اپنے وزرا کو ماسٹر، مدر این آر او دے دیا، تمام شعبوں میں کرپشن کرنے والے وزرا سے مستقبل میں کوئی سوال نہیں کر سکے گا۔

 اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ یہ وہ شخص ہے جس نے اپنی سیاست کو کرپشن کے خلاف جہاد قرار دیا تھا، اسی شخص نے اب نیب قانون کو تبدیل کر کے اپنی کرپشن پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی ہے، نیب قانون میں ترمیم پر اپوزیشن ڈٹ کر مخالفت کرے گی، اس قانون کے تحت نیب کو وزیراعظم آفس کا ذیلی دفتر بنا دیا گیا ہے، نیب آج ملک کے اندر ایک ڈرامہ بن چکا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب نے کہا کہ 821 ارب کی وصولی کر چکے ہیں اور وزارت خزانہ نے کہا کہ صرف ساڑھے 6 ارب روپے خزانے میں جمع ہوئے ہیں، پچھلے 3 سالوں میں ساڑھے 5 ارب روپے کی نیب نے گرانٹ لی، نیب کے کرپشن کی تحقیقات کون کرے گا؟۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ توشہ خانہ کیس میں حکومت کیوں چھپ رہی ہے؟ عمران نیازی بیرون ملک سے ملنے والے تحائف کی تفصیلات کیوں پوشیدہ رکھ رہے ہیں، حکومت نے 103روپے کلو چینی کا ٹینڈر کس کے کہنے پر کینسل کیا؟