لاہور میں پی سی بی کے تعاون سے اسکولز کے درمیان کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔ آسٹریلین ہائی کمشنر ڈاکٹر جیفری شا کا کہنا تھا کہ باصلاحیت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اقدامات اٹھاتے رہیں گے۔لاہور کی نجی یونیورسٹی میں کرکٹ میلے میں طالبات نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔آسٹریلین ہائی کمیشن کے تعاون سے کھیلے گئے تیسرے گرلز کرکٹ کپ میں چار اسکولز اور گرلز اکیڈمیوں کی ٹیموں نے حصہ لیا۔کرکٹ میلے میں شریک طالبات نے وومن کرکٹ کے فروغ کے لیے مزید ٹورنامنٹس کرانے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا ایسے ٹورنامنٹ مزید ہونے چاہیں تاکہ وومن کرکٹ ٹیم کو نئے کھلاڑی مل سکیں۔آسٹریلین ہائی کمشنر ڈاکٹر جیفری شا نے بھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور کارکردگی کو سراہا۔ ڈاکٹر جیفری شا نے کہا امید کرتے ہیں ان لڑکیوں کو کرکٹ کھلا کر ہم انہیں بااختیار بنانے میں کردار ادا کرسکتے ہیں۔فائنل میچ میں کنیئیرڈ کرکٹ اکیڈمی نے تیس رنز سے کامیابی سمیٹی۔ آسٹریلین ہائی کمشنر نے ڈائریکٹر پاکستان کرکٹ بورڈ سیرینہ آغا کے ہمراہ کھلاڑیوں میں تحائف بھی تقسیم کیے۔