اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے آصف علی زرداری کو ضمانت قبل از گرفتاری کیلیے احتساب عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس نمٹا دیا ۔ منگل کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بینچ نے نیویارک امریکا میں آصف علی زرداری کی مبینہ پراپرٹی کی نیب کیس پر ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی ۔آصف علی زرداری کی جانب سے فاروق ایچ نائیک جبکہ اٹارنی جنرل خالد جاوید وفاق کی طرف سے عدالت میں پیش ہوئے ۔اس موقع پر نیب پراسیکوٹر جہانزیب بھروانہ نینیب ترمیمی آرڈیننس 1 اور 2 عدالت میں پیش کیا انھوں نے عدالت کو بتایا کہ ابھی چوتھا بھی نیب ترمیمی آرڈیننس آنا ہے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کیا چوتھا آرڈیننس آیا ہے کہ نہیں جس پر نیب پراسیکوٹر نے بتایا کہ ابھی تک تیسرا نیب ترمیمی آرڈیننس آیا ہے۔نئے ترمیمی آرڈیننس کے تحت نیب کورٹ نے ضمانت دینا ہے ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آئین کے آرٹیکل 89 کے تحت نیب آرڈیننس کو دونوں ایوانوں میں پیش کرنا لازمی ہے۔ عدالت نے آصف علی زرداری کی عبوری ضمانت میں15 دن تک توسیع دیدی اور کیس کو نمٹاتے ہوئے حکم دیا کہ آصف علی زرداری ضمانت قبل از گرفتاری کیلیے متعلقہ عدالت سے رجوع کریں ۔