ـ70 ٹن سرکاری چینی کی پہلی کھیپ پشاور پہنچ گئی

171

پشاور (آن لائن) پشاور میں سرکاری چینی کی پہلی کھیپ پہنچ گئی، 114 ڈیلروں/ دکانداروں کے ذریعے عوام کو فراہم کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن(ر) خالد محمود نے اپنے دفتر سے جاری پریس ریلیز کے ذریعے بتایا کہ 70 ٹن سرکاری چینی ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی محکمہ خوراک کے تعاون سے پشاور بھر میں 114 ڈیلروں /دکانداروں کے ذریعے عوام کو 90 روپے فی کلو فراہم کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے انتظامی افسران کو ہدایت کی ہے کہ سرکاری چینی کی عوام تک رسائی کے عمل کی سختی سے نگرانی کریں تاکہ عوام کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ڈیلروں کی لسٹ ڈپٹی کمشنر پشاور کے فیس بک پییج پر اپ لوڈ کردی گئی ہے اور عوام اپنے علاقے میں سرکاری چینی ڈیلرز/ دکانداروں کے بارے میں وہاں سے معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ لسٹ میں موجود ڈیلرز/ دکاندار 90 روپے کلو سے زائد پر فروخت کرے تو اسکی اطلاع فوری طور پر فون نمبر 9211338 یا 9225395 پر دیں تاکہ اس کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق عوام کو سرکاری چینی کی فراہمی کیلیے تمام اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں تاکہ مصنوعی بحران اور گراں فروشی کا خاتمہ کیا جا سکے۔