لندن (صباح نیوز) مسلم لیگ (ن)کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے ڈسکہ کے ضمنی انتخاب میں بے ضابطگی پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کی انکوائری رپورٹ کے نتائج کی روشنی میں وزیر اعظم عمران خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دھاندلی کے تمام مجرموں کو عبرت ناک سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ٹوئٹر پر ایک بیان میں نواز شریف نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی انکوائری رپورٹ نے ثابت کر دیا کہ ڈسکہ میں عمران خان اور ان کے حواریوں نے کس طرح الیکشن چوری کیا۔نواز شریف نے مزید کہا کہ 2018ء میں آر ٹی ایس کیوں بند کیا گیا، ڈسکہ انکوائری رپورٹ کے بعد کوئی شک و شبہ باقی نہیں رہ جاتا۔انہوں نے کہا کہ اس دھاندلی کے تمام مجرموں کو عبرت ناک سزا دے کر آئینی ذمے داری پوری کی جائے۔