سندھ ہائی کورٹ،موبائل فون ٹاورز کے چارجز وصول کرنے پر کنٹونمنٹ بورڈز سے جواب طلب

179

سندھ ہائی کورٹ نے کنٹونمنٹ ایریاز میں موبائل فون ٹاورز لگانے سے متعلق کنٹونمنٹ بورڈز کی جانب سے مکان مالکان سے چارجز وصول کرنے کیخلاف درخواست پر سیکرٹری بین الصوبائی وزارت سے جواب طلب کرلیا۔منگل کو سندھ ہائیکورٹ میں موبائل فون ٹاورز لگانے سے متعلق کنٹونمنٹ بورڈز کی جانب سے مالک مکان سے چارجز وصول کرنے کیخلاف درخواست پرسماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ موبائل فون کمپنیوں کے ٹاورز نجی جائیداد پر لگائے گئے ہیں۔ موبائل فون کمپنی کے وکیل نے موقف دیا کہ نجی ملکیت کا کنٹونمنٹ بورڈز سے کوئی لینا دینا نہیں۔ کنٹونمنٹ بورڈز چارجز وصول کرنا چاہتے ہیں جو غیر قانونی ہے۔ عدالت نے کنٹونمنٹ بورڈز وکیل سے مکالمہ میں کہا کہ آپ کس طرح مالک مکان سے چارجز وصول کر سکتے ہیں۔ وکیل نے موقف دیا کہ قانون کے مطابق وفاق کو چارجز وصول کرنے کا اختیار دیتا ہے۔ عدالت مے ریمارکس دیئے وفاقی ادارے سے مراد وزرات دفاع نہیں۔ متعلقہ وفاقی وزرات، وزارت کمیونیکیشن اور پی ٹی اے بنتی ہے۔ عدالت نے آبزرویشن دیتے ہوئے کہا ہم اس کیس کو وفاقی کابینہ کو بھیج دیتے ہیں۔ جسٹس محمد فیصل کمال عالم نے ریمارکس دیئے آج کے دور میں بی ٹی ایس ٹاور چل رہے ہیں۔ عدالت نے موبائل فون کمپنیز وکیل سے مکالمہ میں کہا کہ اب تک تو آپ کو سیٹلائٹ ٹاورز پر چلے جانا چاہیے۔ موبائل فون کمپنی کے وکیل نے موقف دیا کہ بدقسمتی سے حکومتی عدم دلچسپی کا معاملہ ہے۔عدالت نے سیکریٹری بین الصوبائی وزارت سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 17 نومبر تک ملتوی کردی۔