سندھ ہائی کورٹ نے اورنگی ٹاﺅن سیکٹر 11 میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف درخواست پر تجاوزات مسمار کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔منگل کو سندھ ہائی کورٹ میں جسٹس ظفر احمد راجپوت اور جسٹس محمد فیصل کمال عالم پر مشتمل بینچ نے اورنگی ٹاﺅن سیکٹر 11 میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ اورنگی سیکٹر گیارہ میں غیر قانونی تعمیرات کی جارہی ہے۔ عدالتی احکامات کے باوجود تعمیرات کیخلاف کارروائی نہیں کی جارہی۔ کے ایم سی کے وکیل نے موقف دیا کہ تجاوزات کے لیے کارروائی کے لیے جاتے ہیں تو ہجوم جمع ہوجاتا ہے۔ ہجوم کارروائی نہیں کرنے دیتا، امن اوامان کی صورتحال پیدا ہوجاتی ہے۔ علاقہ پولیس بھی تعاون نہیں کررہی۔ علاقہ ایس ایس پی کو آپریشن کے دوران سیکورٹی فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔ جسٹس ظفر احمد راجپوت نے موقف دیا کہ اب تک تحریری جواب جمع کیوں نہیں کرایا گیا؟ وکیل کے ایم سی نے موقف دیا کہ رات میں جواب کی کاپی موصول ہوئی ہے اس لیے عدالت میں جمع نہیں کرایا۔ عدالت نے کے ایم سی کے وکیل کوتجاوزات مسمار کرکے 16 نومبر کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔