چین کی کیمونسٹ پارٹی کا اجلاس شروع‘ اہم قرارداد متوقع

411
بیجنگ: صدر شی جن پنگ کیمونسٹ پارٹی کے اجلاس میں شریک فوجیوں سے ملاقات اور خطاب کررہے ہیں

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین کی کیمونسٹ پارٹی کی انیسویں مرکزی کمیٹی کا چھٹا اور آخری اجلاس شروع ہوگیا،جو 11نومبر تک دارالحکومت بیجنگ میں جاری رہے گا۔ خبررساں اداروں کے مطابق سی پی سی کی تاریخ میں تیسری قرارداد کا اعلان اسی اجلاس میں متوقع ہے۔ چین کی کیمونسٹ پارٹی کی 10سالہ تاریخ میں اس نوعیت کی اب تک صرف 2 ہی قراردادیں منظور کی گئی ہیں جنہوں نے گزشتہ کئی دہائیوں سے ملک اور پارٹی پالیسیوں کا احاطہ کیا ہوا ہے۔ اجلاس میں تنظیم کی صد سالہ تاریخ میں اس کی جدوجہد، تجربات اور کامیابیوں پر نظر ڈالی جائے گی اور اس پر قرارداد پیش کی جائے گی۔ اجلاس میں مرکزی کمیٹی کے تمام 376 ارکان شرکت کریں گے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق آیندہ برس پارٹی کے اعلیٰ ترین فیصلہ ساز ادارے کے 25 ارکان 68 برس کے ہو جائیں گے ، جو اعلیٰ ترین رہنماؤں کے لیے ریٹائرمنٹ کی حد ہے۔اکتوبر2016 ء میں اٹھارہویں مرکزی کمیٹی کے چھٹے اجلاس میں صدر شی جی پنگ کی مرکزی قیادت کی توثیق کی گئی تھی۔ دوسری جانب تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ اپنے اقتدار کو مزید طول دینے کا منصوبہ بنارہے ہیں۔ اجلاس میں توقع ہے کہ آیندہ برس پارٹی کی بیسویں کانگریس کا ایجنڈا زیر بحث رہے گا۔