تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران نے جوہری معاہدے کی بحالی سے چند ہفتے قبل ہی خلیج عمان کی ساحلی پٹی پر جنگی مشقوں کا آغاز کردیا۔ خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران کی مسلح افواج کی جانب سے خلیج عمان کی ساحلی پٹی پر تربیتی مشقیں شروع ہوچکی ہیں۔ اس حوالے سے مشق ذوالفقار 1400 کے ترجمان ایڈمرل محمود موسوی کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ خلیج عمان میں جنگی مشقوں کا مقصد دشمن سے لڑنے کے لیے تیار ایرانی مسلح افواج کی طاقت کو دکھانا ہے۔ ایرانی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ جنگی مشقیں آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے سے لے کر بحر ہند کے شمالی حصوں اور بحیرہ احمر کے کچھ حصوں تک پھیلی ہوئی ہیں۔