سکھر (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ بجلی اور تیل کی قیمتیں کئی گنا بڑھ گئیں، پیٹرول کی قیمت بڑھا کر عوام پر 2 سو ارب ڈالر کا بوجھ ڈالا گیا۔ سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ ملک کا سب سے اہم مسئلہ مہنگائی ہے، کراچی میں 1300جبکہ سکھر میں 1200روپے کلوگوشت مل رہا ہے، جو 700 میں ملتا تھا، ڈر ہے دسمبر تک تیل 150 سے زیادہ جبکہ ڈالر 200تک جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان وقتی طور پر بیان دے کر اپنی جان چھڑاتے ہیں، عمران خان کو اکانومی کی سمجھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں کوئی آخری فیصلہ نہیں ہوتا، حالات کے تحت فیصلے بلدتے ہیں، پارلیمنٹ میں اپوزیشن ایک پیج پر ہے، کوشش کروں گا کہ اپوزیشن کو ایک پلیٹ فارم پر لیکر آئوں، سب مجھے عزت دیتے ہیں، عمران خان کو امین اور صادق قرار دینے والے خود کتنے صادق ہیں سب کو علم ہے۔ قبل ازیں احتساب عدالت میں خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زاید اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت ہوئی ، عدالت نے سماعت کچھ دیر تک جاری رکھنے کے بعد 13 نومبر تک ملتوی کردی۔