حکومت کالعدم تنظیم سے معاہدے کا بتائے، شہباز شریف

256

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت بتائے کالعدم تنظیم سے کیا معاہدہ کیا ہے جبکہ کالعدم تنظیم کو کالعدم کی لسٹ سے نکالے جانے پر مشاورت سے جواب دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق  قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر شہبازشریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر چیز خفیہ ہے، کالعدم تنظیم سے معاہدے کے بارے میں حکومت پارلیمان میں آکر بتائے ۔

انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیم کو کالعدم کی لسٹ سے نکالے جانے پر مشاورت سے جواب دیں گے۔

واضح رہے کہ آج وفاقی وزارت داخلہ نے تحریک لبیک سے پابندی اٹھانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، اس سے پہلے حکومت پنجاب کی سمری پر وفاقی کابینہ نے ٹی ایل پی پر سے پابندی ہٹانے کی منظوری دی تھی۔

یاد رہے  وفاقی کابینہ کے چند ارکان کے تحفظات کے باوجود وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کو کالعدم جماعتوں کی فہرست سے ہٹانے کی وزارت د اخلہ کی سمری منظور کی تھی۔