لاہور (اے پی پی) وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخاب کے بارے میں رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع ہے، الیکشن کمیشن خود بھی بے ضابطگیوں کے ذمے داران کے خلاف ایکشن لے گا اور رپورٹ میں جن لوگوں کے نام آئے ہیں حکومت بھی ان کے خلاف کارروائی کرے گی، انتخابات میں دھاندلی کی شکایات کا خاتمہ انتخابی اصلاحات کے ذریعے ہی ممکن ہے مگر اپوزیشن کو الیکشن چوری کرنے کی عادت ہے اس لیے وہ انتخابی اصلاحات سے خوفزدہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز مسلم لیگ(ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جامع انتخابی اصلاحات پہلے دن سے ہی پی ٹی آئی کے ایجنڈے میں بھی شامل ہیں۔ حسان خاور نے کہا کہ اپوزیشن سیاست اور احتجاج اگر سڑک پر ہی کرنا چاہتی ہے تو پارلیمان میں عہدوں سے چپکے رہنے کی بجائے استعفے دے کر گھر بیٹھ جائے۔